نوازشریف کی طبی بنیادوں پرسزا معطلی کی درخواست پرسماعت آج ہوگی
اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطلی کے لیے دائر درخواست پرسماعت آج ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس عامرفاروق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ آج مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی طبی بنیادوں پرسزا معطلی کی درخواست پرسماعت کرے گا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں گزشتہ روز خواجہ حارث کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں نیب، احتساب عدالت کے جج اور سپریٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل لاہور کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نوازشریف کی بیماریوں کا علاج پاکستان میں ممکن نہیں ہے، ڈاکٹروں نے بھی نوازشریف کو بیرون ملک جا کر علاج کروانے کی رائے دی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست کے ساتھ نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس اور ان کی بیماریوں سے متعلق ڈاکٹرز کی رائے کو بھی منسلک کیا گیا ہے۔ نوازشریف کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ اگر عدالت العزیزیہ اسٹیل ملز کے مقدمت میں سزا معطل کرتی ہے تو اس سے پراسیکیوشن کے کیس پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ نوازشریف کے وکیل کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سزا کے خلاف اپیل پر فیصلے تک احتساب عدالت کی طرف سے دی جانے والی سزا معطل کرکے طبی بنیادوں پر ضمانت دی جائے۔