خواہش ہے حکومت مدت پوری کرے مگر ایسا نظر نہیں آ رہا: شاہد خاقان

مسلم لیگ ن کے سینیئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ ہماری خواہش ہےحکومت اپنی مدت پوری کرےلیکن ایسا ہوتا نظر نہیں آرہا ہے ۔ جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزاداہ کے ساتھ میں گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک لانے سے زیادہ عدم استحکام ہوگا، ہماری خواہش ہے حکومت اپنی مدت پوری کرے لیکن ایسا ہوتا نظر نہیں آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے کہ عوام مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر آئیں اور ملک میں انار کی پھیلے، سیاسی جماعتوں کا فرض ہے کہ وہ حکومت کو مجبور کریں کہ وہ مسئلے کا حل نکالے اور نئے الیکشن کی طرف جائے۔ اتوار کو پیپلز پارٹی کی افطار پارٹی میں اپوزیشن نے عید کے بعد کل جماعتی کانفرنس بلانے اور اس میں حکومت کے خلاف احتجاج کے لائحہ عمل مرتب کرنے کا اعلان کیا ہے۔ خیال رہے کہ اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف پاکستان سے باہر ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ وہ لندن سے وطن واپس نہیں آئیں گے۔