حکومت سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے:عبدالرزاق داوود

تجارت کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داوود نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے تمام ممکن اقدامات کررہی ہے تاکہ ملک میں مزید سرمایہ کاری راغب کی جائے۔ اسلام آباد میں بلغاریہ کے معیشت کے بارے میں نائب وزیرLiliya Ivanova کی سربراہی میں ایک وفد سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کاروبار کو آسان بنانے کیلئے اصلاحات لانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور یہ پاکستان میں معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے موزوں وقت ہے۔ مشیر تجارت نے بلغاریہ کے سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان آئیں اور خصوصا گاڑیوں، انجینئرنگ اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔انہوں نے بلغاریہ کی منڈی میں پاکستان کے پھلوں، آموں، چاول، خام کپاس، آلات جراحی اور دستکاریوں کی برآمدات میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا ۔ بلغاریہ کے معیشت کے بارے میں نائب وزیر نے پاکستان میں سرمایہ کار دوست پالیسیاں متعارف کرانے پر حکومت کی کوششوں کو سراہا جن سے سرمایہ کاروں کو سہولت ملے گی