سونے کی قیمت میں فی تولہ 600 روپے اضافہ
سونے کی قیمت فی تولہ 600روپے اضافے کے ساتھ 72ہزار 100روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ 4 روز میں روپے کے مقابلے میں ڈالر 10روپے کے لگ بھگ مہنگا ہوا ہے اور آج بھی اوپن مارکیٹ میں ڈالر 3روپے اضافے کے بعد 154روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔ڈالر کی بڑھتی قیمت کے ساتھ ساتھ سونے کی قیمت کو بھی پر لگ گئے ہیں اور آج سونے کی فی تولہ قیمت میں 600روپے اور 10گرام سونے کی قیمت میں 514روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 1ڈالر کے اضافے سے 1276ڈالر کی سطح پہنچ گئی ہے، عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے کے بعد کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 72ہزار 100روپے جب کہ دس گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 61ہزار 814روپے ہوگئی ہے۔