میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز ایکٹ ہیلتھ سروس ڈلیوری میں بہتری کے لئے گیم چینجرثابت ہو گا:ڈاکٹر یاسمین راشد

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز ایکٹ میڈیکل ٹیچنگ یونیورسٹیز کو انتظامی طور پر بہت مضبوط کرے گا۔ایم ٹی آئی ایکٹ کے بعد پنجاب کے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو مزید طبی سہولیات فراہم ہوں گی۔یہ ایکٹ ہیلتھ سروس ڈلیوری میں بہتری کے لئے گیم چینجرثابت ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں ایم ٹی آئی ایکٹ کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میاں شکیل، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عامر زمان خان، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر مصطفی کمال، وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر اللہ چوہدری اور وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل ٹیچنگ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عمر اور قانونی ماہرین بھی موجود تھے۔اجلاس کے دوران میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز ایکٹ کے تمام قانونی پہلوئوں کا بغور جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ایم ٹی آئی ایکٹ کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز سے صلاح مشورہ جاری ہے۔محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے اٹھائے گئے تمام اقدامات کا مقصد صرف اور صرف مریضوں کو سہولت دینا ہے۔پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اور ادویات کی دستیابی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا رہا۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے لئے دوستانہ ماحول اور جدید نظام متعارف کروانے کی کوشش کر رہے ہیں۔پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کو مریضوں کے لئے بہترین علاج گاہیں بنا کر دم لیں گے۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کو نجی ہسپتالوں کے معیار سے بہتر کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔