آل پاکستان ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے گاڑیاں چلانے کا اعلان کردیا
لاہور: آل پاکستان ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے گاڑیاں چلانے کا اعلان کردیا۔ جی ٹی روڈ پر 20 فیصد کم کرایہ وصول کیا جائے گا۔ پنجاب میں ٹرانسپورٹرز اور حکومت کے درمیان معاملات طے پاگئے۔ آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عصمت اللہ خان نیازی نے پریس کانفرنس میں ٹرانسپورٹ کھولنے کا اعلان کیا اور مطالبات کی منظوری پر صوبائی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔ عصمت اللہ نیازی نے کہا کہ پنجاب حکومت کے سامنے جو ڈیمانڈ رکھی گئی تھیں وہ مان لی گئی ہیں۔ جی ٹی روڈ پر کرایہ 20 فیصد کم ہوگا۔ انہوں نے حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کی یقین دہانی بھی کروائی۔ عصمت اللہ نیازی نے کہا کہ موٹروے پر جو ٹرانسپورٹر چلانا چاہتا ہے چلائے۔ وفاقی حکومت کے ساتھ مذاکرات پنجاب حکومت کرائے گی۔مذاکرات میں کامیابی کے بعد ٹرانسپورٹرز نے فوری آپریشن شروع کردیا ہے۔