ٹڈی دل کے خطرے سے نمٹنے کیلئے حکومت سنجیدگی دکھائے: شہباز شریف
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے ملک کے مختلف حصوں میں ٹڈی دل کے حملے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ٹڈی دل کے خطرے سے نمٹنے کے لئے حکومت سنجیدگی دکھائے ورنہ ملکی معیشت اورکسان تباہ ہوجائیں گے۔ ایک بیان میں شہبازشریف نے حکومت سے ٹڈی دل کے خطرے سے نمٹنے کے لئے سنجیدگی کا مظاہرہ اوروفاق اورصوبوں میں مشترکہ جامع حکمت عملی پرعمل کرنے کامطالبہ کیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ علاقائی سطح پر مشترکہ اقدامات کرنے کے لئے حکومت اقدامات کرے ٹڈی دل پر قابو پانے کے لیے موثر اقدامات نہ ہوئے تو قحط کا خطرہ ہے کورونا وبا اور معاشی دباؤ کے بعد ٹڈی دل کے حملے سے ہماری مزید مشکلات مزید بڑھ جائیں گی۔شہبازشریف نے کہا کہ متاثرہ علاقوں کے عوام بالخصوص کسان کب سے دہائیاں دے رہے ہیں لیکن حکومت کی آنکھ ابھی تک نہیں کھلی زرعی معیشت سنگین خطرات کی زد میں ہے۔ حکومت سوئی رہی تو زرعی شعبہ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے ٹڈی دل کے نتیجے میں ملکی معیشت اور کسان تباہ ہوجائیں گے ٹڈی دل کے حملے سے ملکی فوڈ سیکیورٹی کا خطرہ لاحق ہے۔