فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی پر قوم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں: وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے شہریوں اور مختلف حلقوں کی جانب سے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کرتے ہوئے ریلیاں منعقد کرنے پر قوم کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم عمران خان کا یوم یکجہتی فلسطین پر قوم کے نام ویڈیو پیغام میں کہا کہ میری قوم اور میرے پاکستانی جس طرح آج فلسطینیوں کی حمایت میں نکلے مجھے اس پر آج بڑی خوشی ہے۔انہوں نے کہا کہ جس طرح انہوں نے فلسطینیوں پر جاری ظلم کی نشان دہی کی، اس پر میں سب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ جب سے اسرائیل بنا ہے پاکستان کا ایک مؤقف رہا ہے، وہ مؤقف ہمارے عظیم قائد اعظم محمد علی جناح کا مؤقف تھا کہ فلسطینیوں سے بڑی ناانصافی ہوئی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہر فورم پر فسلطینیوں کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ 27 ویں شب کو میں مسجد نبوی میں تھا جب مجھے پتا چلا کہ مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد اقصیٰ پر مقدس رات کو لوگ نماز پڑھ رہے تھے تو اسرائیل کی پولیس نے تشدد کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ساتھ ساتھ یہ بھی معلوم ہوا کہ فلسطینی خاندان جو 70 برسوں سے وہاں رہ رہے تھے، کئی خاندانوں کو اسرائیلی آباد کاروں نے ان کے گھروں سے نکال دیا ہے، اس کی وجہ سے ایک نیا انتشار شروع ہوگیا۔