ہیضے کی وباء سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کی ہیضہ وباء سے متاثرہ پیر کوہ، ڈیرہ بگٹی میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ امدادی سرگرمیوں کے دوران 54 دیہات و آبادیوں کو 63 واٹر باؤزر کے ذریعے پینے کا صاف پانی فراہم کیا جا رہا ہے، 3500 سے زائد مریضوں کو طبی امداد فراہم کی جا چکی ہے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فنکشنل تالابوں سے کلورینیشن کے بعد پانی کی فراہمی شروع کرنے سے امدادی سرگرمیوں کو مزید مدد ملے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ڈبلیو ایچ او حکام نے بھی علاقے کا دورہ کیا اور پاک فوج کی جانب سے جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔