حکومت پر پابندیاں لگائی جا رہی ہیں۔وزیرداخلہ راناثنااللہ
وزیرداخلہ راناثنااللہ کا کہنا ہے کہ ہمیں نہیں پتا تھا کہ عمران خان کو نکالنےکے بعد ہمارے ہاتھ پاؤں باندھ دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کو چاروں اطراف سے بریکٹ کیا جا رہا ہے۔ اگر آئی ایم ایف ہمارا ہاتھ نہیں پکڑتا تو پھر ملک وہ سنبھالیں جو حالات کے ذمہ دار ہیں۔پٹرول کی قیمت آئی ایم ایف کے مطابق بڑھانے سے بھی صورتحال نہیں سنبھلتی۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ معیشت کا بھٹہ ہم نے نہیں بٹھایا تو ذمہ داری کیوں لیں۔ اگر آئی ایم ایف ہمارے ساتھ ہوتا ہے تو ملک سنبھالنے کے لیے تیار ہیں۔ مہنگائی کے جن کو بھی قابو کرلیں گے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ حکومت پر پابندیاں لگائی جا رہی ہیں۔ اداروں سے اپنے لیے نہیں بلکہ ملک کے لیے مدد چاہتے ہیں۔اس وقت ہمیں نہیں ملک کو ادارے کی مدد کی ضرورت ہے۔انکا کہنا ہے کہ عدالت عظمیٰ کا احترام کرتےہیں مگر اس طرح حکومت نہیں چلتی۔ اس قوم کو تقسیم اور نوجوانوں کو گمراہ کردیاگیاہے۔جب تک ادارے اور سیاسی جماعتیں ملکر کوشش نہیں کرتے بحرانوں سے نہیں نکل سکتے۔انہوں نے کہا ہے کہ ہماری نظر میں عمران خان کی ڈیڈلائن کی کوئی اہمیت نہیں۔جو ماحول اس شخص نے پیدا کیا ہے اس میں الیکشن میں نہیں جاسکتے۔الیکشن میں لوگ آمنے سامنے ہوں گے۔