کچھ بھی ہوجائے عمران خان کو جیل جانا پڑے گا، شرجیل میمن

سند ھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہاہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین کے کہنے پر بسیں جلوائی گئیں، عمران خان کے کہنے پر تنصیبات پر حملے کروائے گئے، کچھ بھی ہو جائے عمران خان کو جیل جانا پڑے گا۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ بلاول بھٹو کا ہر بیرونی ملک کا دورہ کامیاب رہا، انہوں نے ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑا، ہم کشمیر کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ مودی نے اقتدار میں آکر کشمیر کی حیثیت بدل دی، کشمیر کی حیثیت عمران خان کے دور میں تبدیل کی گئی، پی ٹی آئی چیئرمین نے کشمیر پر بہت کوتاہیاں کیں، اور اس کم عقل نے مودی کی کامیابی کی دعا کی، عمران خان نے پاکستان کے کاز کو بھی نقصان پہنچایا، اس نے عالمی سطح پر پاکستان کی عزت کومجروح کیا، اور ملکی اداروں پر تنقید کی، آج تک کسی بھی حکمران نے اس طرح اپنے اداروں پر تنقید نہیں کی۔صوبائی وزیراطلاعات نے کہا کہ عوام سے کہتا ہوں کہ خدا کے واسطے اپنی آنکھیں کھولیں، لیڈر کا مطلب ہے کہ وہ قوم کو صحیح اور غلط کا بتائے اور قوم کو درست سمت میں لے کر جائے، عمران خان صرف اپنے اقتدار کیلئے قوم سے جھوٹ بولتے ہیں، عمران خان نے سائفر کا ڈرامہ رچایا اور قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا، اور پھر اس نے قوم سے جھوٹ بولنے پر معافی بھی نہیں مانگی، عوام منافقت کے خلاف آنکھیں کھولے، پی ٹی آئی چیئرمین ذہنوں میں نفرت انڈیل رہے ہیں۔ شرجیل میمن نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں کسی کوجیل میں دیکھ کرخوشی نہیں ہوتی، سیاست میں اختلاف رائے ہوتا ہے، دشمنی نہیں ہوتی، ایک ملک میں بسنے والے سب ایک قوم ہیں، لیکن عمران خان نے قوم اور اداروں کو لڑانے کی کوشش کی، اور ذہنوں میں نفرت کی آگ بھڑکائی، اور تمام تر ریڈ لائنز کراس کر دیں۔شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں کو جہازوں میں بھر بھر کر لایا گیا اور عمران خان کی حکومت بنائی گئی، لیکن اس نے خود کو لانے والوں کو بھی شرمندہ کیا، یہ پہلا وزیراعظم ہے جس کو عدم اعتماد کے ذریعے ہٹایا گیا، اس میں ریاست چلانے کی کوئی اہلیت ہی نہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں کوئی بھی نہیں بچاسکتا، اس کیس میں کسی گواہ کی ضرورت نہیں، پی ٹی آئی چیئرمین کی سزا کیلئے بینک اسٹیٹمنٹ ہی کافی ہے، ان کے خلاف بی آر ٹی اور دیگر کیسز ہیں، اس نے اپنے محلات کو ریگولائز کروایا، اس کے کہنے پر بسیں جلوائی گئیں، اسی کے کہنے پر تنصیبات پر حملے کروائے گئے، اور اب مغرب کی مدد لے رہا ہے، کچھ بھی ہوجائے عمران خان کو جیل جانا پڑیگا۔شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت معاشی دباؤمیں ہے، عمران خان نے ملک کو اس نہج پر پہنچایا، ہمارا یہ سال بھی افراتفری میں گزرگیا، پاکستان پیپلز پارٹی آڈیو اور ویڈیو لیکس کے خلاف ہے، سیاستدان جیل سے نہیں ڈرتا، ہم نے باہر سے آکر گرفتاری دی۔