ہنگو کے علاقے تحصیل ٹل میں ایک مدرسے پر امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں چھ افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہو گئے۔
ہنگو کے علاقے تحصیل ٹل میں ایک مدرسے پر ڈرون طیارے کے حملے کے نتیجے میں چھ افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہو گئے،،، ذرائع کے مطابق جاسوس طیارے کی پروازیں رات سے ہی جاری تھیں،،، جاسوس طیارے نے علی الصبح دارالعلوم مفتاح القرآن کو نشانہ بنایا،،، مدرسے پر چار میزائل فائر کئے گئے جس سے طلبہ اور اساتذہ سمیت چھ افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہو گئے،، جاں بحق ہونے والے اساتذہ میں مولانا احمد جان اور قاری حامد اللہ شامل ہیں،، زخمیوں کو قریبی کلینک منتقل کیا گیا،، جاسوس طیارہ حملے کے بعد بھی کافی دیر تک علاقے میں پرواز کرتا رہا جس کے باعث اہل علاقہ خوف کے مارے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز مشیر خارجہ و سلامتی امور سرتاج عزیز نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جب تک حکومت پاکستان کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات کر رہی ہے،،، تب تک ڈرون حملہ نہیں کیا جائے گا،،، سرتاج عزیز کے دعوے کے ایک روز بعد ہی مدرسے پر ڈرون حملے نے نواز حکومت کی سفارتی کوششوں پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔۔