پاکستان انگلینڈ کے ہاتھوں چوتھا ایک روزہ میچ بھی چوراسی رنز سے ہار گیا
دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے چوتھے میچ میں انگلینڈ ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کے سامنے تین سو پچپن رنز کا ہمالیہ کھڑا کردیا، انگلش بلے بازوں نے پاکستانی باؤلرز کی ایک نہ چلنے دی جیسن روئے اور جوس بٹلر نے شاندار سنچریاں سکور کیں، جوئے روٹس نے اکہتر رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عرفان اور کپتان اظہر علی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، یاسر شاہ کے حصے ایک وکٹ آئی۔ جواب میں پاکستان ٹیم میدان میں اتری تو اسے پہلا نقصان پینتالیس رنز پر اٹھانا پڑا جب احمد شہزاد روایتی جلد بازی میں صرف تیرہ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، کپتان اظہر علی نے تیز کھیلنے کی کوشش کی لیکن وہ بھی چوالیس رنز پر کیچ تھما بیٹھے،محمد حفیظ نے سینتیس رنز بنائے اور رن آؤٹ ہو گئے۔ بابر اعظم اور شعیب ملک نے ٹیم کو کچھ سنبھالا دیا، دونوں نے نصف سنچریاں سکور کیں، بابر اعظم اکیاون اور شعیب ملک باون رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی انگلش باؤلرز کے سامنے مزاحمت نہ کرسکا، اور وقفے وقفے سے آؤٹ ہوتا رہا۔ سرفراز احمد اور انور علی کی اننگز چوبیس چوبیس رنز تک محدود رہی۔ پاکستان کی پوری ٹیم دس اوورز قبل ہی دو سو اکہتر رنز پر ڈھیر ہو گئی، انگلینڈ کی جانب سے معین علی اور عبدالراشد نے تین تین وکٹیں حاصل کیں، قومی ٹیم نے سیریز کیا برابر کرنی تھی انگلینڈ کے خلاف چوتھا ایک روزہ میچ بھی ہاتھ سے گیا، یوں انگلینڈ نے چار ایک روزہ میچوں کی سیریز تین ایک سے اپنے نام کرلی۔