وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس کل طلب کر لیا
وزیراعظم نواز شریف کے لیے اپنے دور کے سب سے اہم فیصلہ کرنے کا وقت آگیا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی الوداعی ملاقاتوں سے ان کی مدت میں توسیع کی قیاس آرائیاں دم توڑ چکی ہیں۔۔ جنرل راحیل شریف کی جگہ نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا تقرر کیا جائے گا جس کے لیے کابینہ کا اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں جنرل راحیل شریف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔۔ نئے آرمی چیف کے لیے سینئر جرنیلوں کی فہرست پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔۔ ارکان نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے لیے تجاویز دیں گے تاہم حتمی فیصلے کا اختیار وزیراعظم نواز شریف کے پاس ہے، ذرائع کے مطابق اجلاس میں بلاول بھٹو کے چار مطالبات بھی زیر غور آئیں گے ۔۔ بلاول بھٹو نے مطالبات کے لیے حکومت کو ستائیس دسمبر کی ڈیڈ لائن دے رکھی ہے، پیپلز پارٹی سے ورکنگ ریلیشن شپ بہتر بنانے کے لیے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔