ایل او سی پر بھارتی جارحیت اور چار معصوم بچوں کی شہادت کیخلاف بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا
سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج کیا گیا۔ دفتر خارجہ میں جنوبی ایشیا ڈیسک کے سربراہ ڈاکٹر فیصل نے احتجاجی مراسلہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کے حوالے کیا۔ بھارتی افواج کی جانب سے گذشتہ دنوں لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں چار معصوم بچے شہید ہوئے تھے۔ اتوار کے روز اقوام متحدہ مبصر مشن کے وفد نے راولپنڈی میں جی ایچ کیو حکام سے ملاقات بھی کی۔ ملاقات میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی خلاف ورزیوں کے ثبوت اقوام متحدہ کے حوالے کیے گئے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ مبصر مشن سے لائن آف کنٹرول پر ہونے والے واقعات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔