صدر کا ترکمانستان،افغانستان، پاکستان، بھارت گیس پائپ لائن منصوبے پر جلد عملدرآمد کے عزم کا اعادہ
ترکمانستان کے سفیر ATADJAN MOVLAMOV نے صدر ڈاکٹر عارف علوی سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ان سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان ترکمانستان کے ساتھ مشترکہ ثقافت اور تاریخ کے رشتے میں بندھے ہوئے برادرانہ تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے اور ان تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ صدر نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کی تاجر برادری کے درمیان ہم آہنگی اور روابط قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ترکمانستان خطے میں توانائی کے مرکز کے طور پر اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے ترکمانستان افغانستان پاکستان بھارت گیس پائپ لائن منصوبے پر جلد عملدرآمد کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔