جشن عید میلاد النبیﷺ انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے
جشن عید میلاالنبیﷺ کے موقع پردن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور تمام صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہو گا۔ ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس نکالے جائیں گے جب کہ ہر چھوٹے بڑے شہر، قصبے، بازار، چوراہے برقی قمقموں سے منورکیے گئے ہیں ، اس کے علاوہ ملک بھر کی تمام اہم سرکاری، نیم سرکاری اور نجی عمارتوں، مارکیٹوں اور بازاروں کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیاہے۔جشن عید میلاالنبیﷺ کے موقع پر کراچی سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، جلوس اور ریلیوں کی سیکیورٹی کے لیے پولیس کے خصوصی دستے تعینات کیے گئے ہیں۔ دنیا بھر کے مسلمان اس موقع پر اپنے پیارے نبی ﷺ کی سیرت مبارکہ پر چلنے کا عہد کرتے ہیں۔ حضور پرنورﷺ نے مسلمانوں کو محبت، بھائی چارے، اخوت، عفوودرگزر کا درس دیا۔عید میلادالنبی ﷺ مناتے ہوئے آنحضورؐ سے محبت کے اظہار کے ساتھ اسوۂ حسنہ کی پیروی کرنے کے عزم کا اعادہ بھی ضروری ہے، آج مسلم امہ جس زبوں حالی کا شکار ہے اس کا ایک سبب اسلامی تعلیمات اور اسوۂ حسنہ سے دوری بھی ہے۔