گوگل کا سیاسی اشتہارات بند کرنے کا اعلان
دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے سیاسی مہم پر مشتمل اشتہارات شائع نہ کرنے کا اعلان کردیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق گوگل کا کہناہےکہ سیاسی مہم چلانے کے لیے سیاسی مخالفین کو ہدف بنانے والے اشتہارات اب نہیں چلائے جائیں گے۔گوگل نے کہا ہے کہ برطانیہ سے اس پالیسی کا آغاز ایک ہفتے کے اندر کیا جائے گا جس کے بعد یہ دنیا بھر میں نافذ العمل ہوگی۔گوگل کی اس پالیسی کے تحت یو ٹیوب اور گوگل سرچ جیسے پلیٹ فارمز پر مخالفین کو نشانہ بنانے کے مقصد سے متوقع ووٹرز کا ڈیٹا جو کہ گوگل سرچ سے حاصل کیا گیا ہواس مہم میں استعمال کرنے کے قابل نہیں ہوگا جب کہ سیاسی مہم میں مخالفین کو عمر، جنس اور مقام کی بنیاد پر ہدف بنایا جاسکے گا۔اس کے علاوہ گوگل نے اشتہارات میں گمراہ کن بیانات کے خلاف فیس بک کے ساتھ مل کر ایکشن لینے کا بھی اعلان کیا ہے۔اس سلسلےمیں فیس بک کے بانی مارک زکر برگ کا کہنا تھا کہ ان کا سوشل نیٹ ورک فیس بک سیاسی امیدواروں کی طرف سے یا مہم میں فیکٹ چیک ایڈورٹائزنگ نہیں کرےگا۔جب کہ ٹوئٹر کی جانب سے بھی سیاسی اشتہارات شائع نہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔