جسے اللہ رکھے: 2 سالہ بچی 4 دن بعد کنوئیں سے زندہ مل گئی

مانسہرہ: مشہور کہاوت ہے کہ جسے اللہ رکھے اسے کون چھکے، اس کہاوت کے مصداق خیبر پختون خوا کے ضلع مانسہرہ میں ایسا ہی ایک حیرت ناک واقعہ پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق مانسہرہ کے علاقے دربند میں ایک بچی چار دن سے لاپتا تھی، بچی کی عمر دو سال ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کو بہت تلاش کیا گیا لیکن وہ نہیں ملی۔ مقامی پولیس کے مطابق علاقہ دربند میں 2 سال کی لا پتا بچی 4 دن بعد کنوئیں سے زندہ مل گئی، کنوئیں سے بچی کے رونے کی آوازیں آنے پر پولیس کو اطلاع دی گئی تھی جس پر دربند پولیس نے اہل علاقہ کی مدد سے بچی کو کنوئیں سے نکال لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی بچی کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔