بھارت نے کشمیر کی سڑکوں اور سرکاری محکموں کے نام بدلنا شروع کردئیے

سری نگر : بھارت نے کشمیر کی سڑکوں اور سرکاری محکموں کے نام بدلنا شروع کردئیے ہیں، سری نگر کے شیر کشمیر اسٹیڈیم کا نام بدل کر سردار ولبھ بھائی پٹیل رکھ دیا گیا جبکہ ریاستی دہشت گردی سے سب سے زیادہ کشمیری بچے متاثر ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیرمیں عوام کوگھروں میں محصوراور نظام زندگی معطل ہوئے سو روز سے زائد ہوگئے ہیں، بھارت کی ریاستی دہشت گردی نے کشمیرکی معیشت بھی تباہ کردی ہے، وادی میں انٹرنیٹ اورموبائل سروس بدستورمعطل ہے جبکہ تعلیمی ادارے،کاروباری مراکزاورٹرانسپورٹ بھی بند ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز طے شدہ حکمت عملی کے تحت کشمیری نوجوانوں کو گھروں سے غائب اوربدترین تشددکانشانہ بنارہی ہیں، بھارتی فورسزکی دہشت گردانہ کارروائیوں سے بچے سب سے زیادہ متاثرہوئے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیری رہنما قید اورنظربندی ہیں جبکہ بھارتی مظالم کیخلاف آوازاٹھانے والے حریت رہنماؤں کی جائیدادیں بھی ضبط کی جارہی ہیں۔