نامور سیاستدان امین فہیم کی چوتھی برسی آج منائی جارہی ہے

سروری جماعت کے روحانی پیشوا، مخدوم سرور نوح کے 18 ویں گدی نشین اور پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے صدر مخدوم امین فہیم کی چوتھی برسی آج ہالا میں منائی جارہی ہے۔ مخدوم امین فہیم چار اگست انیس سو انتالیس کو سندھ کے شہر ہالا میں معزز گھرانے میں پیدا ہوئے، جو نسل در نسل سروری جماعت کے گدی نشین ہیں۔ ابتدائی تعلیم تاریخی شہر ہالا سے حاصل کی، سوشل سائنس میں گریجویشن اور پولیٹیکل سائنس میں آنرر کی ڈگری حاصل کی۔ مضبوط مذہبی اور سیاسی ماحول میں پروان چڑھنے والے مخدوم امین فہیم نے انیس سو ستر میں والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ مخدوم امین فہیم انیس سو ستر میں ہونے والے عام انتخابات میں ٹھٹھہ سے صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ انہوں نے انیس سو ستتر سے دو ہزار تیرہ تک ہر الیکشن میں مسلسل ایم این اے منتخب ہوکر قومی ریکارڈ بھی قائم کیا۔
مخدوم امین فہیم انیس سو ترانوے میں ہونے والے عام انتخابات میں بیک وقت صوبائی اور قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ مخدوم امین فہیم کو یہ اعزازبھی حاصل رہا ہے کہ وہ انیس سو تہتر کے آئین پر دستخط کرنے والے اراکین اسمبلی میں شامل ہیں۔