مسجد حرام کے مطاف میں قوس دار محرابوں کا کام رمضان سیزن میں مکمل ہوگا
مسجد حرام میں تیسری سعودی توسیع کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں مطاف کے صحن، راہ داریوں اور جنوبی سمت واقع (المکبریہ)اذان دینے کی جگہ کی قوس دار محرابوں کا کام آئندہ رمضان سیزن سے قبل مکمل کر لیا جائے گا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات مکہ مکرمہ صوبے کے نائب گورنر شہزادہ بدر بن سلطان کے توسیعی کام کے معائنے کے موقع پر سامنے آئی۔حالیہ توسیع کے سلسلے میں اس وقت جاری بابِ اسماعیل کا تعمیراتی کام رواں سال حج سیزن سے پہلے اختتام پذیر ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ بابِ عمرہ کا کام رمضان مبارک سے قبل پورا کر لیا جائے گا۔ مطاف کے صحن میں 38 میں سے 14 قوس دار محرابوں کا کام پورا ہو چکا ہے۔ سعودی حکومت کی جانب سے تیسری توسیع کے منصوبوں میں 5 ہزار کے قریب محنت کش کام کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ مذکورہ تیسری توسیع کے مکمل ہونے کے بعد مزید 18.5 لاکھ نمازیوں کی گنجائش پیدا ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ اس توسیع میں 680 برقی زینے، 168 دروازے، بجلی کے 7 پاور اسٹیشن اور 3 ٹرانسپورٹ اسٹیشن شامل ہیں۔ ان اسٹیشنوں کے ذریعے ایک گھنٹے میں 3 لاکھ افراد کو منتقل کیا جا سکے گا۔