پاکستان انگلینڈ ٹیسٹ سیریز: قومی ٹیم کا اعلان آج ہوگا۔

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان آج کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق چیف سلیکٹر محمد وسیم آج دن سوا گیارہ بجے قذافی اسٹیڈیم کے پریس ہال میں پریس کانفرنس کرکے قومی اسکواڈ کا اعلان کریں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں مسٹری اسپنر ابرار احمد کو ٹیم میں جگہ ملے گی تاہم لیگ اسپنر یاسر شاہ کو خراب فارم کی وجہ سے ٹیم میں جگہ بنانے میں مشکل پیش آرہی ہے۔ٹیسٹ ٹیم میں عبداللّٰہ شفیق، امام الحق، اظہر علی، فواد عالم، محمد عباس کی شمولیت کا امکان ہے۔شاہین آفریدی کے ان فٹ ہونے کی وجہ سے محمد عباس، میر حمزہ بھی شمولیت کے امیدوار ہیں ، جبکہ حارث رؤف کو ہوم گراؤنڈ پنڈی میں ٹیسٹ کیپ مل سکتی ہے۔یاد رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دسمبر میں 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جانی ہے۔ اس سلسلے میں ملتان اور کراچی کے ٹیسٹ میچز کے لیے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت آئندہ ہفتے شروع ہوگی۔ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی 27 نومبر کو پاکستان آمد شیڈول ہے۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پنڈی ٹیسٹ یکم دسمبر کو شروع ہوگا ۔ دوسرا ٹیسٹ 9 دسمبر سے ملتان اور تیسرا 17 دسمبر سے کراچی میں کھیلا جائے گا۔