پروین رحمن قتل کیس میں ملزمان کی سزائیں کالعدم قرار، رہا کر نے کا حکم
پروین رحمان قتل کیس میں سندھ ہائی کورٹ نے ملزمان کی جانب سے سزائوں کے خلاف دائر اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے ماتحت عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزائیں کالعدم قراردے دیں۔عدالت نے قراردیا ہے کہ اگر ملزمان کسی دوسرے کیس میں مطوب نہیں توانہیں رہا کردیا جائے۔ واضح رہے کہ اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمان کو 2013میںفائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔ پولیس نے رحیم سواتی، امجد حسین، ایاز سواتی اور احمد حسین کو گرفتار کیا تھا جنہیں انسداد دہشت گردی عدالت نے 2021میں دو، دومرتبہ عمر قید کی سزاسنائی تھی۔ ملزمان نے انسداد دہشت گردی عدلت کے فیصلے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔ فریقین کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے گزشتہ سماعت پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو سوموار کے روزسنایا گیا۔ عدالت نے ملزموں کی سزاکالعدم قراردیتے ہوئے انہیں باعزت بری کردیا ہے اورجیل حکام کو ہدایت کی ہے کہ اگر ان کے خلاف کوئی اورمقدمہ نہیں ہے توانہیں رہا کردیا جائے۔