اپنی مرضی کے آرمی چیف کیلئے لانگ مارچ کیا جا رہا ہے: مولانا فضل الرحمٰن

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ اپنی مرضی کے آرمی چیف کے لیے لانگ مارچ کیا جا رہا ہے اور اس کے لیے آپ (عمران خان) دفاعی اور سیاسی قیادت کو بھی بلیک میل کر رہے ہیں۔سکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ڈی ایم سربراہ اور جمعیت علما اسلام (ف) کے قائد مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ چین کے ساتھ بات چیت کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے جبکہ روس کے ساتھ بھی معاہدات کی طرف بڑھ رہے ہیں۔پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ سعودی ولی عہد کے دورہ کے دن لانگ مارچ کا اعلان کرنا باقاعدہ سازش کے تحت ہو رہا ہے مگر ساری صورتحال سے نمٹنے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسائل میں گھر چکے ہیں جن سے نکلنے میں مشکلات کا سامنا ہے اور پھر اوپر سے سیلاب جیسی قدرتی آفت نے معیشت کی ریڑھ کی ہڈی توڑ دی ہے مگر تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمیں اپنی توانائیاں وقت کر رہے ہیں۔آرمی چیف کی تعیناتی پر بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ سرکاری نوکری کا انجام رٹائرمنٹ ہوتا ہے جو کہ ہمیشہ کی طرح ہوتا ہے لیکن اپنی مرضی کا آرمی چیف لانے کے لیے لانگ مارچ کیا جا رہا ہے اور اس کے لیے آپ (عمران خان) دفاعی اور سیاسی قیادت کو بھی بلیک میل کر رہے ہیں۔پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی آئین کے مطابق میرٹ کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔