وزیراعظم کا خط جی ایچ کیو کو بھیج دیا گیا، تعیناتی ایک دو روز میں ہوجائے گی: وزیردفاع خواجہ آصف

وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے وزیراعظم کا خط وزارت دفاع کو موصول ہوا اور جی ایچ کیو کو بھیج دیا گیا، اب ایک دو روز یا تین روز میں تعیناتی کا عمل مکمل ہوجائے گا۔قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ایک ہیجان ہے، آج جس تقریری کا عمل شروع ہوا ہے، اس پر ہیجان برپا کردیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے اقتدار کے لیے یا اقتداری کی جدائی اور غم میں پاگل ہوئے ہیں، ان حربوں سے ملک اور قوم کی وحدت کو نقصان پہنچا رہے ہیں، اداروں کی عزت اور احترام کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انہی اداروں نے 4 سال غیرمشروط ان کے ساتھ تعاون کیا، اس کے باوجود وہ کچھ نہیں کرسکے اور ملک میں غربت، بے روزگاری اور مہنگائی چھوڑ کر گئے ہیں تو انہیں شرمندہ ہونا چاہیے۔خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ایک رکن اسمبلی نے کہا کہ ہم جب ان کے پاس حلقے کے لیے ترقیاتی فنڈز مانگتے یا معیشت کے بارے میں کچھ کہتے تھے تو وہ کہتے تھے اس ووٹ نہیں ملتے آپ صرف چور چور کہتے جاؤ اس سے ووٹ بڑھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اس کا فلسفہ ہے جو 26 تاریخ کو پنڈی آکر دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے، ٹیکنالوجی ترقی کرگئی ہے، ان کے کارکن روز جی ٹی روڈ پر رل رہا ہے اور وہ خود آن لائن ان سے خطاب کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج وزارت دفاع کو وزیراعظم کا خط موصول ہوا اور وہ خط جی ایچ کیو کو بھیج دیا گیا ہے، کل یا پرسوں ایک دو روز یا تین روز میں یہ عمل تکمیل تک پہنچ جائے گا اور اس کے بعد دو ہاتھ کرلیں گے۔