ان لوگوں کو گھر بٹھانا ہے جو دو یا تین بار وزیر اعظم بن چکے ہیں، بلاول بھٹو

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم نے ان لوگوں کو گھر بٹھانا ہے جو دو یا تین بار وزیر اعظم بن چکے ہیں۔ اپر دیر میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو احساس نہیں عوام کن مشکلات سے دو چار ہیں، ملک میں نفرت اور تقسیم کی سیاست ہو رہی ہے جس سے عوام اور ملک کا نقصان ہو رہا ہے، جو سنگین مسائل ہیں ہم سب کو نکلنا ہوگا، سنجیدگی کے ساتھ کام کیا جائے تو مسائل سے نکل سکتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مسئلہ سیاستدانوں کی آپس کی لڑائی اور انا کا ہے، ہم ملک کے عوام کو سہولیات فراہم کریں گے، ہمارا اتحادی وہی ہے جو ووٹ اور پارلیمان کی عزت کی بات کرتے ہیں، پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنا ہے اور مہنگائی کا مقابلہ کرنا ہے، پنجاب اور لاہور کے سیاستدانوں کی سیاست ہے ’یا میں کھیلوں گا یا کسی کو نہیں کھیلنے دوں گا‘