چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف سائفر کیس میں جیل ٹرائل کالعدم قرار
اسلام آباد ہائی کورٹ نے خلاف سائفر کیس میں جیل ٹرائل کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اڈیالہ جیل میں قید چیئرمین پی ٹی آئی کی انٹراکورٹ اپیل منظور کر لی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 29 اگست کے جیل ٹرائل کے نوٹیفکیشن کو غیر قانونی قرار دیا۔ جسٹس گل حسن اورنگزیب کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے محفوظ فیصلہ سنایا۔ تاہم عدالت نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت جج کی تعیناتی درست قرار دے دی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ وفاقی کابینہ کی منظوری کا اطلاق ماضی کے ٹرائل پر نہیں ہوگا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے جیل ٹرائل کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت جسٹس گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ثمن رفعت امتیازنے سماعت کی تھی۔ اس دوران ملزم کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اگرمان بھی لیا جائے کہ پراسس کا آغاز ٹرائل کورٹ جج نے کیا تو آگے طریقہ کار مکمل نہیں ہوا، کابینہ کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن میں وہ کچھ لکھا گیا جو جج نےکہا ہی نہیں۔