صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا شہدا کے لواحقین سے ٹیلی فون پر اظہار افسوس

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 3 نومبر کو پسنی بلوچستان میں حملے کے شہدا کے لواحقین سے ٹیلی فون پر اظہار افسوس کیا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے منگل کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے شہدا اور ان کے خاندانوں کے جذبہ ایثار پر انہیں سلام پیش کیا۔ انہوں نے شہدا کی وطن کیلئے خدمات اور قربانی پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر مملکت نے صوبیدار عبیداللہ ، نائیک محمد سجاد اور شہزاد قمر کے ورثا سے بات کی۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے سپاہی شہباز ، فیض الرحمن اور زاہد حسین کے لواحقین سے بھی گفتگو کی۔ صدر مملکت نے سپاہی حمزہ ظہیر ، محمد امین ، شبر حسین اور سید مبارک شاہ کے ورثا سے بھی اظہار افسوس کیا۔ صدر نے 12 نومبر کو میر علی شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے سپاہی عبداللہ کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔صدر مملکت نے قوم کی جانب سے شہدا کے خاندانوں کا شکریہ ادا کیا اور شہدا کیلئے بلندی درجات کی بھی دعا کی۔ صدر مملکت نے لواحقین سے اظہار ہمدردی اور صبر جمیل کی دعا کی۔