تیار ہوجائیں سردی کے موسم نے دستک دے دی۔
جیسے جیسے نومبر قریب آرہا ہے موسم نے بھی انگڑائی لینا شروع کردی، پنجاب کے میدانی علاقوں اور خیبرپختونخوا میں گرمی کی شدت میں بھی کمی ہونا شروع ہو گئی ہے، رات اور صبح کے اوقات میں درجہ حرارت کافی حد تک نیچے آجاتا ہے، دوسری طرف سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقے بدستور گرمی کی لپیٹ میں ہیں، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملاکنڈ، ہزارہ، بالائی فاٹا اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت اٹھارہ جبکہ زیادہ سے زیادہ چونتیس ڈگری تک رہے گا، کراچی کم سے کم درجہ حرارت تئیس اور زیادہ سے زیادہ انتالیس تک جائے گا، اسلام آباد اور پشاور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تینتیس تک رہنے کا امکان ہے۔ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت تین اور زیادہ سے زیادہ پچیس رہنے کا امکان ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مٹھی اور چھور بیالیس ڈگری سینیٹی گریڈ کے ساتھ گرم ترین مقام رہے، لسبیلہ اکتالیس ، سبی اور تربت میں چالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔