رکشے والوں کا 100 سے 150 روپے سے زائد کا چالان نہ کیا جائے، کراچی پولیس چیف
کراچی: ٹریفک پولیس کی جانب سے چالان کرنے پر گزشتہ روز خود سوزی کی کوشش میں جھلس جانے والے رکشہ ڈرائیور کی عیادت کے بعد کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ نے ٹریفک اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ رکشے والوں کا 100 سے 150 روپے سے زائد کا چالان نہ کیا جائے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر تھانے کے باہر ایک رکشہ ڈرائیور خالد نے خود سوزی کی کوشش کی تھی، جسے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ رکشہ ڈرائیور نے خودسوزی کی کوشش سے قبل اپنے خط میں تحریر کیا تھا کہ وہ خودکشی گھریلو پریشانی یا کسی اور وجہ سے نہیں کر رہا، بلکہ اے ایس آئی حنیف نے اُس سے 50 روپے رشوت طلب کی اور انکار پر چالان کردیا۔ دوسری جانب ٹریفک پولیس کا موقف تھا کہ رکشہ ڈرائیور خالد کا 170 روپے کا چالان کیا گیا تھا، جس پر اس نے خوسوزی کی کوشش کی۔ رکشہ ڈرائیور کی خود سوزی کی کوشش پر آئی جی سندھ نے نوٹس لے کر ڈی آئی جی ٹریفک کراچی سے رپورٹ طلب کرلی تھی۔