یورپی یونین نے جنگ بندی کا مطالبہ کردیا
برسلز: افغانستان میں قیام امن کے لیے یورپی یونین نے فریقین سے مطالبہ کیا ہے کہ مذاکرات کے ذریعے جنگ بندی کی جائے۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان میں قیام امن کے لیے امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات حتمی مراحل میں داخل ہوچکے تھے کہ اچانک صدر ٹرمپ نے بات چیت منسوخ کردی۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے مذاکرات منسوخ کیے جانے کے بعد افغانستان میں طالبان کے حملوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ موجودہ سنگین صورت حال کے باعث یورپین یونین نے زور دیا ہے کہ فریقین ایک بار پھر مذاکرات کی راہ اپنائیں، اور نئے سرے سے بات چیت کا آغاز کریں۔ یورپی یونین کے سفیر رولینڈ کوبیا کا کہنا تھا کہ مذاکرات تو ناکام ہوگئے لیکن اب جنگ بندی پر غور کرنا چاہیے تاکہ دوبارہ بات چیت کے لیے راہیں ہموار ہوسکیں۔ رولینڈ کوبیا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ طالبان سے بات چیت کے لیے اہم کردار ادا کریں۔ ادھر امريکی وزير دفاع مارک ايسپر افغانستان کے دورے پر ہیں، جہاں وہ کابل میں افغان صدر اشرف غنی سمیت دیگر حکومتی اہلکاروں سے ملاقاتیں کررہے ہیں جس کا مقصد خطے میں قیام امن کے لیے معاہدہ طے کرنا ہے۔