ٹی20ورلڈکپ: پاکستانی ٹیم کو ایک بڑا دھچکا،بڑا کھلاڑی زخمی ہوگیا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے میلبورن میں پاکستان ٹیم کے پریکٹس سیشن کے دوران شان مسعود سر پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق شان مسعود کو محمد نواز کے شاٹ پر گیند لگی جس کے بعد انہیں ضروری معائنے کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ شان مسعود کے سر پر دائیں طرف گیند لگی جس کے بعد اسکین کے لیے انہیں اسپتال لے جایا گیا ہے، ضروری اسکینز کے بعد ڈاکٹر ان کی انجری کا جائزہ لیں گے۔ آئی سی سی ورلڈکپ میں روایتی حریف کے خلاف میچ میں شان مسعود شرکت کرسکیں گے یا نہیں، اس کا انحصار ان کی میڈیکل رپورٹس پر ہوگا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کا میلبورن میں ٹریننگ سیشن جاری ہے جو 3 گھنٹے جاری رہے گا۔ پاکستان ٹیم کے اوپنر بابر اعظم اور محمد رضوان پیئر کی صورت میں بیٹنگ پریکٹس کر رہے ہیں ، دونوں بلے باز وں نے پہلے فاسٹ بولرز اور پھر اسپنرز کے سامنے پریکٹس کی۔ نیٹ سیشن میں پاکستانی فاسٹ بولرز بھی بھرپور جوش دکھا رہے ہیں، حارث رؤف، شاہین شاہ اور نسیم شاہ کی بولنگ سے ساتھی کرکٹرز بھی پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔دوسری جانب رپورٹس کے مطابق میلبورن میں موسم ابر آلود ہے اور وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔