عمران خان نااہل، ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنان کا احتجاج، مظاہرین اور پولیس اہلکار آمنے سامنے , پولیس کی جانب سے شیلنگ
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ آنے کے بعد کارکنان نے ملک بھر میں احتجاج شروع کر دیا۔توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ آنے کے بعد پارٹی کارکنان گھروں سے باہر نکل آئے اور ملک بھر میں جگہ جگہ احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گیا۔فیصلہ آنے کے فوری بعد الیکشن کمیشن آفس کے باہر پی ٹی آئی کارکنان نے جمع ہو کر احتجاج کیا جہاں پر پولیس نے گرفتاریاں بھی کیں۔ راولپنڈی کے علاقے فیض آباد میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنان جمع ہوئے اور مری روڈ بلاک کر دی۔ کارکنان نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا۔فیض آباد میدان جنگ بن گیا، جہاں مظاہرین اور پولیس اہلکار آمنے سامنے آ گئے اور مظاہرین کو منشتر کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے شیلنگ کی گئی۔ساہیوال میں بھی پی ٹی آئی کارکنان نے نیشنل ہائی وے کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا جس کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔