فاروق ستار نے اعتراف کیا تھا کہ بارہ مئی کو ہونے والی قتل و غارت میں ایم کیو ایم کے کچھ کارکن بھی شامل تھے۔ وکی لیکس

وکی لیکس نے سترہ مئی دوہزار سات کو کراچی میں امریکی قونصل خانے کے ناظم الامور پیٹر بورڈ اورایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کی ٹیلی فونک گفتگو کی خفیہ کیبل جاری کردی ہے۔ مراسلے کے مطابق ملاقات میں فاروق ستار نے بارہ مئی کے واقعات میں ایم کیو ایم کے کارکنوں کےملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس واقعہ نے ان کی پارٹی کے تشخص کو سخت نقصان پہنچایا ہے جس کا جائزہ لینے کے لیے لندن میں پارٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا۔ فاروق ستار نے اس بات پر اتفاق کہ ان کی جماعت کو اپنے مسلح گروپ کو غیر مسلح کرنے کے بارے میں غور کرنا چاہیے۔ چالیس منٹ تک جاری رہنے والی بات چیت میں انہوں نے بارہ مئی کے واقعات میں پرویز مشرف، جاگیرداروں، آئی ایس آئی اور بعض سیاسی جماعتوں کے ملوث ہونے کا بھی الزام لگایا۔ فاروق ستار نے دعویٰ کیا کہ بارہ مئی کو انہوں نے اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی سے ٹیلی فون پر بات کرنے کی بارہا کوشش کی۔ دوسری طرف اسفند یارولی نے سولہ مئی کو امریکی سفارتکاروں کو بتایا کہ وہ بارہ مئی کو کراچی کی صورتحال پر فاروق ستار سے بات کرنے کی کوشش کرتے رہے لیکن رابطہ نہ ہوسکا۔ مراسلے کے مطابق فاروق ستار نے بارہ مئی کو چیف جسٹس کی کراچی آمد پر احتجاجی مظاہرے کی مخالفت کی تھی لیکن ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین نے ان کی تجویز کو مسترد کردیا۔