چین ایک ہفتے سے جاری بارشوںمیں ستاون افراد ہلاک جبکہ دس لاکھ کے قریب بے گھر ہوگئے ہیں۔

چینی میڈیا کےمطابق حالیہ بارش سے صوبے ،سیچوان، ہنان اور شان ژی میں لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں،صوبہ سیچوان میں آنے والے سیلاب کو دو صدیوں کی بڑی تباہی کہا جا رہا ہے، سیلاب سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ اُدھر شمال مغربی صوبے شان ژی میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد سترہ ہوگئی ہے جبکہ پندرہ افراد لاپتہ ہیں،زیادہ ترہلاکتیں مٹی کے تودے گرنے سے ہوئی ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق علاقے میں بارش اور سیلاب سے ڈھائی لاکھ لوگ متاثرہوئے ہیں، سیلاب کے باعث چار ہزار سے زائد گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے جبکہ گیارہ ہزار کو نقصان پہنچا۔ امدادی ٹیموں کی جانب سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔اُدھرحکام کا کہنا ہے کہ سیلاب کے باعث دو ارب سترکروڑ ڈالر کا مالی نقصان ہوچکا ہے۔ یاد رہے سیلاب کے باعث چین میں ہر سال بڑی تباہی دیکھنے میں آتی ہے گزشتہ سال بھی سیلاب سے چار ہزار کے قریب افراد ہلاک اور لاپتہ ہوئے تھے۔