لاہورمیں ڈینگی بخار سے مذید تین افراد جان کی بازی ہار گئے، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ضیاءالدین بٹ بھی ڈینگی وائرس کاشکار ہوگئے

پنجاب بھرمیں پھیلنےوالے ڈینگی بخار کےعفریت پر قابو نہیں پایا جاسکا، منگل کے روز لاہور کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے تین افراد بخار کے باعث زندگی کی بازی ہارگئے،دوافراد میوہسپتال اورایک جناح ہسپتال میں دم توڑگیا ہلاک ہونے والوں میں ٹاؤن شپ لاہور کا چوبیس سالہ ساجد جبکہ شیرا کوٹ کا ریحان شامل ہے۔ دوسری جانب پنجاب بھر میں مریضوں کی تعداد چھ ہزار نو سو کے قریب پہنچ چکی ہے جن میں سے چھ ہزار پانچ سو کا تعلق لاہور سے ہے۔ دوسری جانب سری لنکا سے آنے والے ڈاکٹروں کی ٹیم نے چلڈرن ہسپتال لاہور کا دورہ کیا اور ڈینگی بخار میں مبتلا مریضوں کا معائنہ کیا۔ سرکاری ہسپتالوں میں ناکافی سہولیات جبکہ نجی ہسپتالوں میں زائد چارجز کے خلاف مریضوں کے لواحقین احتجاج کرتے رہے۔ادھرضلعی انتظامیہ کا مقررہ فیس سے زائد رقوم وصول کرنے والے پرائیویٹ کلینکس اورلیبارٹریوں کے خلاف ایکشن جاری ہے اورتین مزید لیبارٹریز کو سیل کردیاگیاہے۔