بے مثال آواز کی بدولت ملکہ ترنم کا خطاب پانے والی گلوکارہ نورجہاں کی چوراسی ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے۔

اکیس ستمبرانیس سوچھبیس کوپنجاب کے شہر قصور میں پیدا ہونے والی اللہ وسائی دنیا بھر میں نور جہاں کے نام سے مشہور ہوئیں۔ نورجہاں نے پانچ بر س کی عمر سے گانا شروع کیا اور استاد غلام محمد سے موسیقی کی ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے انیس سو پینتیس میں بطور چائلڈ سٹار فلم پنڈ دی کڑی کے ساتھ اپنے فنی کیرئیر کا آغاز کیا۔ بے بی نور جہاں نے ہیر سیال، سسی پنوں، گل بکاؤلی اور یملا جٹ جیسی مشہور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ نور جہاں کی اداکاری کے ساتھ ساتھ ان کے گائے ہوئے سبھی گیت بے حد مقبول ہوئے۔ چھ دہائیوں پر محیط فنی سفرمیں انہوں نے چھبیس بھارتی اور پاکستانی فلموں میں مرکزی کردار ادا کئے اور مجموعی طورپرایک ہزارسے زائد فلموں کے لیے غزلیں اورگیت گائے جس میں ان کا سب سے پہلا گانا مجھ سے پہلی سی محبت میرے محبوب نہ مانگ بے پناہ ہٹ ہوا۔ جس نے ملکہ ترنم کو کامیابیوں کے نئے سفر پر گامزن کر دیا۔ پاک بھارت جنگ انیس سوپینسٹھ میں جوشیلے نغموں کی بدولت شہرت کی بلندیوں پر پہنچ جانے والی ملکہ ترنم نور جہاں علالت کا شکار ہونے کے بعد تئیس دسمبرسن دوہزارمیں صوبہ سندھ کے شہرکراچی میں چوہتربرس کی عمر میں انتقال کرگئی۔