کراچی اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کی بدولت کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس گیارہ ہزار آٹھ سو پوائنٹس کی سطح بھی عبور کرگیا۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا مثبت آغاز اختتام تک برقرار رہا ٹریڈنگ کے دوران آئل اینڈ گیس سیکٹر میں زبردست تیزی کی وجہ سے ہنڈریڈ انڈیکس میں تین سو سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ نیشنل بینک اور او جی ڈی سی کے شئیرز اپنی ایک روز کی بلند ترین سطح پر رہے جب کہ کاروبار کے دوران کاروباری حجم کے اعتبار سے تھرٹی انڈیکس کی تمام کمپنیاں گرین نمبر میں بند ہوئیں۔ کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس تین سو انتیس پوائنٹس اضافے کے بعد گیارہ ہزار آٹھ سو باون پوائنٹس پر بند ہوا ،مجموعی کاروباری حجم بھی گیارہ کروڑ اکہتر لاکھ شئیرز رہا جو رواں ماہ کسی ایک روز میں سب سے زیادہ کاروباری حجم ہے۔کاروبار کے اختتام تک ایک سو پچانوے کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب لاہور سٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی کا رجحان رہا۔ ایل ایس پچیس ایک سو سات پوائنٹ کے اضافے کے ساتھ تین ہزار انچاس پوائنٹ پر بند ہوئی۔ مارکیٹ میں ایک سو نو کمپنیوں کے انتیس لاکھ چوراسی ہزار آٹھ سو اکیاون حصص کا کاروبار ہوا۔