اقوام متحدہ فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر بھیجے۔ یو این کشمیر سے بھارتی قبضہ ختم کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے : وزیراعظم نوازشریف
وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر بھرپور انداز میں اٹھا دیا، نوازشریف نے عالمی برادری کے سامنے کشمیریوں کا مقدمہ پیش کردیا۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ بھارت کی قابض فوج نے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھائے، بھارتی فورسز بے گناہ کشمیریوں پر پیلٹ گن کا استعمال کررہی ہے جس سے بچوں، بزرگوں، خواتین کو بینائی سےمحروم کیا جارہا ہے۔ ان مظالم کے باوجود کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں ہوئے اور کشمیریوں کی نئی نسل بھی آزادی کی جدوجہد کررہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کےحق خودارادیت کی مکمل حمایت کرتا ہے، بھارت کےساتھ پرامن مذاکرات چاہتے ہیں لیکن مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطےمیں امن نہیں ہوسکتا۔ دوران خطاب وزیراعظ٘م نے کہا کہ کشمیریوں کے قتل عام کی آزاد تحقیقات کامطالبہ کرتے ہیں، مقبوضہ کشمیر سے قابض بھارتی فوج نکالی جائے، اقوام متحدہ فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر بھیجے اور اقوام متحدہ کشمیر پر بھارتی قبضہ ختم کرانے کے لئے کردار ادا کرے۔ کشمیر میں بھارتی مظالم کے ثبوت اقوام متحدہ کو پیش کیے جائیں گے۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی کالے قانون کی مذمت کرتے ہیں، انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لئے کردار ادا کرے۔