حکومت کیخلاف صحیح وقت پر صحیح نمبرز کے ساتھ فیصلے کریں گے: بلاول بھٹو زرداری
اسلام آباد میں اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اب ہم اس حکومت کےخلاف تحریک چلا رہےہیں، اپوزیشن اتحاد پر مشتمل پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کل سے اپنا کام شروع کردے گی، ہم ایک دن چین سے نہیں بیٹھیں گے۔بلاول کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حقیقی جمہوریت ہمارا مقصد ہے، ہم سب متحد ہیں اور پوری طاقت کے ساتھ تحریک چلائیں گے،احتجاج، استعفے اور تحریک عدم اعتماد تمام جمہوری اور آئینی آپشن ہیں، صحیح وقت پر صحیح نمبرز کے ساتھ فیصلے کریں گے۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم صاف شفاف الیکشن چاہتے ہیں،پارلیمان میں یہی آواز اٹھائیں گے، پی ڈی ایم کی صورت میں تمام جمہوری قوتیں متحد ہوچکی ہیں، ہم نے عوام، پارلیمان اور جمہوریت کی آزادی اور وقار کو بحال کرنا ہے۔