کینیڈا میں انتخابات، وزیراعظم جسٹن ٹروڈوتیسری بار کامیاب
کینیڈا میں قبل از وقت ہونے والے انتخابات میں وزیراعظم جسٹن ٹروڈوتیسری بار کامیاب ہو گئے ہیں۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق جسٹن ٹروڈو نے منگل کومونٹریال میں انتخابات کے نتائج کو کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے واضح مینڈیٹ قرار دیا ہے۔ انہوں نے انتخابات میں کامیابی پر اپنی اہلیہ صوفی گریگوئیر اور بچوں کے ہمراہ خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کی حکومت نے کورونا وائرس کی وباسے نمٹنے پر بھرپور توجہ دی اور اب کینیڈا کے شہریوں نے کورونا وائرس کے خلاف بھرپور اقدامات اورروشن مستقبل کے واضح مینڈیٹ کے ساتھ ہمیں دوبارہ منتخب کیا ہے اور ہم یہی چاہتے تھے۔برطانوی خبر اخبار کے مطابق 20 ستمبر کو ہونے والے انتخابات میں حکمران جماعت لبرل پارٹی نے156 نشتوں پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ اسے اکثریتی کامیابی حاصل کرنے کے لیے 170 نشتیں درکار ہیں ۔ اپوزیشن جماعت کنزرویٹو پارٹی نے 121 نشستیں حاصل کی ہیں۔