دماغی ورزشیں ، نفسیاتی امراض سے بچائو میں ہمیشہ مددگار ثابت ہوتی ہیں:صدرمملکت
صدر ڈاکٹرعارف علوی نے کہاہے کہ دماغی ورزشیں ، نفسیاتی امراض سے بچائو میں ہمیشہ مددگار ثابت ہوتی ہیں ۔آج اسلام آبادمیں عالمی یوم نسیان کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک میں نفسیاتی امراض کی بڑھتی ہوئی تعداد خطرناک ہے۔انہوں نے اس مسئلے پر قابو پانے کے لئے فوری طور پر مربوط اقدامات پر زور دیا ۔انہوں نے کہاکہ یہ دن نسیان کے مرض کی وجوہات اور شدت کے بارے میں آگاہی پیداکرتاہے ۔صدر نے کہاکہ نسیان کا مرض دماغی حالت کی تنزلی ہے جس سے بتدریج یادداشت اور علمی صلاحیتیں ختم ہوجاتی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ یہ مرض معمرافراد میں تیزی سے ذہنی انحطاط کا باعث بنتاہے اور اس بیماری کا بھی باعث ہے جو موت کا سبب بنتی ہے ۔ڈاکٹرعارف علوی نے کہاکہ نسیان کا مرض ناقابل علاج اور یہ بتدریج یادداشت اور سوچنے کی صلاحیت کو بری طرح متاثر کرتاہے ۔ صدر نے کہاکہ پاکستان میں اس مرض کی شرح انتہائی کم ہے کیونکہ لوگ معمر مریضوں کی اچھی نگہداشت کرتے ہیں جو اچھی بات ہے ۔