وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا امن کے عالمی دن پر پیغام
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا امن کے عالمی دن پر پیغام, وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اورپاکستانی امن پسند قوم ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ عالمی امن کو یقینی بنانے میں کلیدی کردارادا کیا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ ہمیشہ حقیقی اور دیرپا فتح امن کی ہوتی ہے جنگ کی نہیں۔ پاکستان نے اقوام متحدہ کے امن مشنزکیلئے ہراول دستے کا کردارادا کیا ہے۔ پاکستان کے امن مشنز کے کئی بہادر سپوت خطرناک اورہنگامہ خیز خطوں میں امن و استحکام کی بحالی کی کوششوں کے دوران شہید ہوئے۔ شہید ہونے والے بہادرافسروں اورجوانوں کی امن کی راہ میں قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ خطے میں دیرپاامن مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے علاوہ ممکن نہیں۔ ایک طرف پاکستان نے امن کی شمع روشن کی ہوئی ہے تو دوسری طرف بھارت کا جارحانہ رویہ خطے میں امن کیلئے خطرہ ہے ۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مودی سرکار نے امن کی تمام کوششوں کوسبوتاژ کیا ۔ مقبوضہ کشمیر،فلسطین اور بعض علاقوں میں بسنے والے انسان امن کے متلاشی ہیں۔ عالمی امن کی تاریخ پاکستان کے سنہرے کردار کے بغیر ادھوری ہے۔ امن ہی ترقی،استحکام اورخوشحالی کا راستہ ہے۔ اقوام عالم کو اس بات کو سمجھنا ہوگا کہ باہمی تنازعات ختم کرکے ہی یہ دنیا امن کی جانب آسکتی ہے۔ اگربنی نوع انسان خوشحالی کی ایک طویل اورپائیدار خواہش رکھتا ہے توسب کو امن کیساتھ جینا ہوگا۔ آج ان لوگوں کو یاد کرنے کی ضرورت ہے جنہوں نے ملک میں امن قائم کرنے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔