ممنوعہ کیمیکل کوٹہ کیس میں نامزد ملزم وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے بیٹے موسی گیلانی گزشتہ رات بیرون ملک سے اسلام آباد پہنچ گئے۔
ممنوعہ کیمکیکل کی الاٹ منٹ سے متعلق کیس میں اے این ایف کی جانب سے نامزد ملزم موسی گیلانی جنوبی افریقہ کے نجی دورے پرتھے جہاں سے اپنے والد وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی ہدایت پر وہ اے این ایف کے سامنے بیان ریکارڈ کروانے کے لیے وطن واپس پہنچے ہیں۔ اے این ایف کے فورس کمانڈربریگیڈرفہیم کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم آئندہ ہفتے موسی گیلانی کا بیان ریکارڈ کرے گی۔دوسری جانب سپریم کورٹ نے بھی اسی کیس میں موسی گیلانی کوطلب کررکھا ہے۔ اس سے قبل موسی گیلانی کے وکیل سلمان راجہ نے بھی ممنوعہ کیمیکل کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری کوبتایا تھا کہ انہوں نے اپنے موکل کو اے این ایف کی تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کا مشورہ دیا ہے۔