بھوجا ایئرلائنز کو نواز شریف دور حکومت میں لائسنس جاری کیا گیا، ایئر لائن مالکان کے نام ای سی ایل میں شامل کردیئے گئے ہیں۔ رحمن ملک
اسلام آباد میں طیارہ حادثے کے بعد امدادی کارروائیوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جسٹس ریٹائرڈ زاہد حسین بخاری کی سربراہی میں قائم کمیشن ہر پہلو سے حادثے کی تحقیقات کرے گاجبکہ سول ایوی ایشن حکام بھی تحقیقات میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ صرف شہباز شریف ہی نہیں بلکہ پوری قوم تحقیقات کا مطالبہ کررہی ہے اور حکومت بھی حادثے کی تہہ تک پہنچنا چاہتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اب تک ایک سو سولہ افراد کی شناخت ہوچکی ہے جبکہ دس افراد کی شناخت کا عمل ابھی جاری ہے۔رحمن ملک نے کہا کہ بھوجا ایئر لائنز کو لائسنس نواز شریف دور حکومت میں جاری کیا گیا تھا جبکہ حادثے کے بعد ایئرلائنز کے مالکان کے نام ای سی ایل میں شامل کردیئے گئے ہیں۔