دہشت گردی کی فہرست سے ممکنہ اخراج، سوڈانی ٹیم امریکا جائے گی۔

سوڈانی فوج کے سربراہ جنرل عبدالفتاح برہان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی معاونت کرنے والے ممالک کی امریکی فہرست سے اخراج کے لیے ایک ٹیم کو امریکا بھیجا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم امریکی حکام سے مذاکرات میں اس فہرست سے سوڈان کے اخراج پر بات کرے گی۔ واضح رہے کہ جنرل برہان عمرالبشیر کی برطرفی کے بعد بننے والی ملٹری کونسل کے سربراہ ہیں۔ یہ بات اہم ہے کہ امریکا نے اکتوبر 2017 میں سوڈان پر 20 سال سے عائد پابندیوں کا خاتمہ کیا تھا، تاہم اب بھی سوڈان ایران، شام اور شمالی کوریا کے ساتھ دہشت گردی کی معاونت کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔