سعودیہ: بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا اعلان، پاکستان سمیت 20 ملکوں پر پابندی برقرار
ریاض: سعودی عرب نے 17 مئی سے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا تاہم پاکستان سمیت 20 ممالک کو پروازوں کو اجازت نہیں دی گئی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کورونا کے باعث معطل اپنا بین الاقوامی فضائی آپریشن 17 مئی سے بحال کرے گا تاہم سعودی حکام نے بین الاقوامی فضائی آپریشن کی بحالی میں 20 ممالک پر پابندی برقرار رکھی ہے جو کورونا کی روک تھام کے لیے کی گئی ہے۔ عرب میڈیا کا بتانا ہےکہ جن 20 ممالک کو سعودی عرب میں بین الاقوامی فضائی آپریشن کی اجازت نہیں دی گئی ہے ان میں ارجنٹینا، متحدہ عرب امارات، جرمنی، امریکا، انڈونیشیا، آئرلینڈ، اٹلی، پاکستان، برازیل، پرتگال، برطانیہ، ترکی، جنوبی افریقا، سوئیڈن، سوئٹزرلینڈ، فرانس، لبنان، مصر، بھارت اور جاپان شامل ہیں۔