جن سے بھی غلطی ہوگئی اسے ٹھیک کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے فوری الیکشن کراؤ: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان

تحریک انصاف نے آج لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں پاور شو کیا جہاں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر رہنماؤں نے جلسے سے خطاب کیا۔عمران خان نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ میں نے آج آپ کو لائحہ عمل دینا ہے، نہ ہم غلامی قبول کریں گے اور نہ امپورٹڈ حکومت کو مانیں گے۔عمران خان نے کہا کہ اب وہ پاکستان میں حقیقی آزادی کی تحریک شروع کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین سوچتے ہیں کہ لاہور جلسے کے بعد کیا ہوگا، کان کھول کر سن لیں، ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے، تحریک ابھی زور پکڑے گی۔عمران خان نے کہا کہ میں صرف تحریک انصاف کے کارکنوں کو کال نہیں دے رہا بلکہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے لوگوں کو بھی کال دے رہا ہوں جنہیں نہیں معلوم کہ کتنی بڑی سازش ہوئی ہے، آپ سب نے تیاری کرنی ہے اور میری کال کا انتظار کرنا ہے جب میں آپ کو اسلام آباد بلاؤں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ میں یہ واضح کردوں میں کسی قسم کا تصادم نہیں چاہتا، میں نے اسی ملک میں رہنا ہے۔عمران خان نے کہا کہ میں اور کچھ نہیں چاہتا بس یہ چاہتا ہوں کہ اس ملک میں جلد از جلد الیکشن کرائے جائیں، اس حکومت کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے، جن سے بھی غلطی ہوگئی، ایک ہی طریقہ ہے غلطی ٹھیک کرنے کا فوری الیکشن کراؤ۔آخر میں انہوں نے جلسے کے شرکا سے حلف بھی لیا کہ سب پاکستان کی حقیقی آزادی تک جدوجہد جاری رکھیں گے اور جب تک الیکشن کا اعلان نہیں ہوجاتا تحریک جاری رکھیں گے۔