آپ تیار رہیں میں اسلام آباد کی کال دوں گا : سابق وزیراعظم عمران خان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے موجودہ حکومت کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے عوام سے کہا ہے میری کال کا انتظار کرو جب میں آپ کو اسلام آباد بلاؤں گا۔مینار پاکستان لاہور میں سابق وزیراعظم عمران نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کا جتنا بھی شکریہ ادا کروں کم ہے، مجھے پتہ تھا کہ آپ مجھے مایوس نہیں کریں گے، میں نے کبھی اتنے بڑے جلسے سے خطاب نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے نہ غلامی قبول کرنی اور نہ یہ امپورٹڈ حکومت قبول کرنی ہے، جب باہر سے سلیکٹ ہو کر لوگوں پر مسلط کی جاتی ہے تو وہ سلیکٹڈ حکومت ہوتی ہے، جو پیسہ لگا کر ضمیر خرید کر، سامراج کے جوتے پولش کرکے ہمارے اوپر مسلط کی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں لائحہ عمل دوں گا اور اس حکومت کو کبھی قبول نہیں کروں گا، اس کرپٹ حکومت کو قبول نہیں کروں گا۔